علیمہ خان کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو: عمران خان پارٹی چیئرمین تھے اور رہیں گے، قیادت کو بانی کے ویژن پر چلنا چاہیے

اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ عمران خان پارٹی کے چیئرمین تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے کیونکہ انہوں نے اس سیاسی جماعت کو بنانے کے لیے 30 سال محنت کی ہے، لہٰذا پارٹی کو ان کے ویژن کے مطابق ہی چلانا چاہیے۔ عہدوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ وہ کسی عہدے کی اہل نہیں ہیں، بلکہ وہ صرف اپنے بھائی کا ساتھ دیتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ان سے زیادہ کمیٹڈ اور قابل لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔ علیمہ خان نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ وہ عوامی امیدوں پر پورا اتریں اور خوف کا بت توڑ کر کھڑے ہوں؛ انہوں نے کہا کہ جب حکومت پر جلسے کے حوالے سے پریشر تھا تو قیادت کو بانی کی ہسپتال منتقلی کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا۔ ایران امریکہ مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران سچ بول رہا ہے لیکن اعتماد تب ہوتا ہے جب نیت صاف ہو، تاہم ان کے خیال میں ٹرمپ اعتبار والی پارٹی نہیں لگ رہی کیونکہ ان کے بیانات میں تضاد نظر آتا ہے۔

Exit mobile version