خیبرپختونخوا اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی روایات سے ہٹ کر ایک منفرد فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صوبائی اسمبلی کا باقاعدہ اجلاس اسمبلی کی عمارت کے بجائے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوگا، اسپیکر بابر سلیم سواتی نے بائیس اپریل کو سہ پہر تین بجے ہونے والے اس تاریخی اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کا بنیادی مقصد جمہوری عمل میں شفافیت لانا اور عوام کو اپنے نمائندوں کی کارکردگی براہِ راست دکھانا ہے، اسپیکر کے مطابق یہ عوامی شمولیت بڑھانے کی ایک ایسی کوشش ہے جسے مستقبل میں صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا تاکہ عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان براہِ راست رابطہ مضبوط ہو سکے، اس اہم فیصلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے پایا گیا ہے اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ کھیل، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اسپیکر بابر سلیم سواتی، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور صوبائی وزراء نے خود اسٹیڈیم کا دورہ کر کے سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ بھی لیا ہے، دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ حکومت کے اس نئے تجربے کے مقاصد ابھی واضح نہیں تاہم کھلے میدان میں اجلاس ہونے سے اپوزیشن کو یہ فائدہ ہوگا کہ وہ براہِ راست عوام کے سامنے حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھا سکیں گے اور وہ اس موقع کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی تاریخ کا انوکھا فیصلہ: 22 اپریل کو اجلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، تیاریاں مکمل
