امریکی جریدے ”وال اسٹریٹ جنرل“ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے امریکہ سے مالی بیک اپ مانگ لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اماراتی حکام جنگ کی صورت میں کسی بھی بڑے مالیاتی بحران سے بچنے کے لیے ڈالر سپورٹ کے خواہشمند ہیں، جس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک کے گورنر خالد بلاما نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے اہم ملاقات کی، جس میں کرنسی سواپ لائن (Currency Swap Line) کے ذریعے ڈالر تک فوری رسائی کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں اماراتی حکام نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے بھی تفصیلی مذاکرات کیے ہیں۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگرچہ متحدہ عرب امارات اب تک جنگ کے براہِ راست معاشی اثرات سے محفوظ رہا ہے، تاہم علاقائی عدم استحکام کے پیشِ نظر وہ اپنی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہا ہے۔
