ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے امریکہ کی جانب سے ایرانی تجارتی بحری جہاز پر فائرنگ اور اسے قبضے میں لینے کے واقعے کو سیز فائر (جنگ بندی) کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی عسکری حکام کے مطابق، جس جہاز کو نشانہ بنایا گیا وہ ایک خالصتاً تجارتی جہاز تھا جو چین سے ایران آ رہا تھا۔ ایران نے امریکی اقدام کو "میری ٹائم اور مسلح ڈکیتی” قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کا جلد بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایرانی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے کے جواب میں ایرانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے کچھ امریکی فوجی بحری جہازوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی جہاز اب ان کی تحویل میں ہے، جبکہ صدر ٹرمپ پہلے ہی سوشل میڈیا پر اس کارروائی کو ناکہ بندی کی خلاف ورزی کا نتیجہ قرار دے چکے ہیں۔ خلیج میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست ٹکراؤ نے خطے میں ایک نئی اور خطرناک جنگ چھڑنے کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔
