جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ: میٹرو بس سمیت تمام پبلک و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ معطل، اسلام آباد کے داخلی راستے بند

جڑواں شہروں میں سکیورٹی کی حالیہ صورتحال کے پیشِ نظر ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس، پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا ہے، میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق بس سروس پمز اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک مکمل بند ہے، تاہم صدر اسٹیشن سے کچہری تک محدود سروس فعال رہے گی، راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور اہم شاہراہوں بشمول مری روڈ اور ایکسپریس وے پر پولیس کی اضافی نفری اور ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، فیض آباد، پیر ودھائی اور 26 نمبر چنگی پر بس اڈے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ فیض آباد کے تجارتی مراکز بھی بند رہیں گے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے ہنگامی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے تحت ریڈ زون اور اس کا توسیعی علاقہ ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل سیل کر دیا گیا ہے، کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بند رہے گی جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی ٹریفک کو مختلف اوقات میں روکا جا سکتا ہے، پولیس نے اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل بند کر دیا ہے اور ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دنوں میں زحمت سے بچنے کے لیے اسلام آباد کا رخ نہ کریں، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے پولیس کے متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کریں۔

Exit mobile version