بابر اعظم کی ریکارڈ ساز سینچری: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کی شاندار سینچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 118 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا ہمالیہ جیسا مجموعہ کھڑا کیا جو پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے، کپتان بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر دو رنز لے کر اپنی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 12ویں سینچری مکمل کی، انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے یہ سنگِ میل عبور کیا، بابر اعظم نے اس میچ میں کوشال مینڈس (83 رنز) کے ساتھ دوسری وکٹ پر 135 رنز کی شراکت قائم کی اور اسی کے ساتھ وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویرات کوہلی کی 47 شراکتوں کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے، 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں محض 137 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا اور محمد باسط نے تین تین جبکہ ایرن ہارڈی نے دو وکٹیں حاصل کیں، اس بڑی فتح کے ساتھ پشاور زلمی 15 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے اور ایونٹ میں تاحال ناقابلِ شکست ہے۔

Exit mobile version