پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کے 28 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے میزبان کراچی کنگز کو ایک سخت مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے دی ہے، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے سودمند ثابت نہ ہوا، ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا، ملتان کی جانب سے شان مسعود 46، جوش فلپی 44 اور اویس ظفر 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، کراچی کنگز کی طرف سے خوشدل شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، 208 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کے بیٹرز نے بھرپور مزاحمت کی اور میچ کو آخری لمحات تک لے گئے لیکن وہ 9 وکٹوں پر 196 رنز تک ہی محدود رہے، کراچی کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے 49، عباس آفریدی نے 34 اور معین علی نے 27 رنز اسکور کیے، ملتان سلطانز کے بولرز عرفات منہاس نے تین اور پیٹر سڈل نے دو اہم وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔




