اپریل 19, 2026

سکیورٹی وجوہات: راولپنڈی کی بارانی یونیورسٹی 26 اپریل تک بند، اسلام آباد کی اسلامی یونیورسٹی میں بھی کلاسز آن لائن کرنے کا فیصلہ

سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر جڑواں شہروں کی اہم جامعات میں تدریسی عمل معطل کر کے آن لائن کلاسز کا اجرا کر دیا گیا ہے، راولپنڈی کی پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کو 26 اپریل تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق یونیورسٹی کا مین کیمپس بند رہے گا تاہم تعلیمی سلسلہ آن لائن جاری رکھا جائے گا، انتظامیہ نے ہاسٹلز میں مقیم طلبہ کو فوری طور پر کمرے خالی کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اساتذہ اور اسٹاف ممبران کو گھروں سے کام (ورک فرام ہوم) کرنے کا حکم دیا گیا ہے، دوسری جانب بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے بھی 20 سے 24 اپریل تک تمام کلاسز آن لائن لینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 20 اور 21 اپریل کو ہونے والے مڈ ٹرم امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، اس تمام تر صورتحال میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر میں دکانیں یا بس اڈے بند کروانے کے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جب بھی کوئی فیصلہ ہوگا تو عوام کو پیشگی اطلاع دی جائے گی، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔