ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب برقرار: کراچی میں دورانیہ 10 گھنٹے سے متجاوز، شہریوں کا جینا محال

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سلسلے نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، خاص طور پر کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے جس نے شہریوں کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، تفصیلات کے مطابق کراچی کے گنجان آباد علاقوں جن میں گارڈن، لیاری، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ملیر، کورنگی اور اورنگی ٹاؤن شامل ہیں، وہاں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہتی ہے جبکہ حیران کن طور پر لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقے بھی اب بجلی کی طویل بندش سے محفوظ نہیں رہے، دوسری جانب لاہور اور لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 2800 میگاواٹ ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے 2700 میگاواٹ فراہم کی جا رہی ہے جس کے باعث وہاں شارٹ فال 100 میگاواٹ تک محدود رہا، خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں جہاں پیسکو حکام کے مطابق طلب اور رسد میں 600 میگاواٹ کا بڑا فرق پایا جاتا ہے، اگرچہ ہفتے کے اختتام اور بعض علاقوں میں موسم کی بہتری کے باعث لوڈشیڈنگ میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم مجموعی طور پر عوام تاحال بجلی کے اس سنگین بحران سے نبرد آزما ہیں۔

Exit mobile version