پی ایس ایل 11: راولپنڈیز کی مسلسل ساتویں شکست، کپتان محمد رضوان نے ٹیم کی ناکامی کا ملبہ اپنے سر لے لیا

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں راولپنڈیز فرنچائز کی پے در پے ناکامیوں اور پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد کپتان محمد رضوان نے تمام تر ذمہ داری قبول کر لی ہے، ہفتے کے روز لاہور قلندرز کے ہاتھوں 32 رنز سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان اور کھلاڑی ان کی اپنی کارکردگی معیار کے مطابق نہیں تھی جس کا اثر ٹیم کے مجموعی نتائج پر پڑا، انہوں نے اعتراف کیا کہ یقینی طور پر ان کی قیادت یا کھیل میں کوئی ایسی کمی رہ گئی جس کی وجہ سے ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور اسے مسلسل ساتویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، بیٹنگ آرڈر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رضوان نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے خواہش ضرور رکھتے ہیں لیکن ٹیم کے فیصلے ہمیشہ متفقہ مشاورت سے کیے جاتے ہیں، انہوں نے موجودہ صورتحال کو اپنی زندگی کا مشکل ترین مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب قسمت ساتھ نہ دے رہی ہو تو مثبت چیزیں تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے تاہم وہ ہمت ہارنے والے نہیں ہیں کیونکہ کرکٹ ان کا جنون ہے اور وہ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اور سخت محنت کے ذریعے دوبارہ میدان میں بھرپور واپسی کریں گے، واضح رہے کہ اس میچ میں لاہور قلندرز کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 178 رنز بنا سکی تھی جس کے بعد اس کا ایونٹ میں سفر تمام ہو گیا ہے۔

Exit mobile version