ڈنگہ: گندم خریداری مراکز کا خاتمہ کسانوں کا معاشی قتل ہے: چوہدری محمد اسلم گمٹی ، مرزا تجمل نوید سیؤ

ڈنگہ (نامہ نگار) صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی ڈنگہ حاجی چوہدری محمد اسلم گمٹی اور جنرل سیکرٹری مرزا تجمل نوید سیؤ نے محکمہ خوراک کی جانب سے گندم خریداری مراکز ختم کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کسانوں پر بڑا ظلم قرار دیا ہے۔

مشترکہ بیان میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ڈنگہ، منگووال اور لالہ موسیٰ جیسے اہم مراکز ختم کر کے پورے ضلع کے لیے واحد مرکز گجرات گودام کے قریب قائم کرنا کسان دشمنی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ امرہ کلاں، نور جمال، سیکریالی، بھاؤ، فتہ لماں، کھوڑی عالم، ڈھلیان، چک جانی اور بیکنانوالہ جیسے دور دراز دیہات سے کسان جب بھاری ٹرانسپورٹ کرایہ ادا کر کے گندم گجرات پہنچائیں گے، تو 3500 روپے فی من کی سرکاری قیمت میں ان کے پاس کیا بچے گا؟

رہنماؤں نے مزید کہا کہ کسانوں نے پہلے ہی مہنگی کھاد، مہنگا ڈیزل اور بجلی کے بھاری بلوں کے بوجھ تلے دب کر یہ فصل کاشت کی ہے۔ اگر حکومت نے ڈنگہ، منگووال اور لالہ موسیٰ کے مراکز بحال نہ کیے تو کسان اپنی فصل گجرات لے کر نہیں جائیں گے، جس سے حکومت کا گندم خریداری کا ہدف (Target) پورا ہونا ناممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور کسانوں کو ان کی دہلیز پر خریداری کی سہولت فراہم کی جائے۔

Exit mobile version