اسلام آباد یونائیٹڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی اور شناخت کے حوالے سے کسی دوسرے کھلاڑی سے موازنہ پسند نہیں کرتے، وہ خود کو عبدالرزاق یا اظہر محمود کے قریب سمجھتے ہیں نہ ہی ان سے دور، بلکہ وہ صرف فہیم اشرف بن کر کھیلنا چاہتے ہیں۔ کراچی کنگز کے خلاف ٹیم کی شاندار فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ آج ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہ ماضی میں بھی ایسا ہی کرتے رہے ہیں، اس لیے وہ ان باتوں پر توجہ نہیں دیتے۔ انہوں نے شائقین اور نقادوں سے اپیل کی کہ پاکستان کرکٹ کو مثبت انداز میں سپورٹ کریں تاکہ آنے والی نسلیں اس کھیل کی طرف راغب ہو سکیں۔ فہیم اشرف نے زور دیا کہ ہمیں کرکٹ میں دوستی یاری سے بالا تر ہو کر سوچنا ہوگا اور آپس کی نفرتوں کو کم کرنا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان کھلاڑی سمیر منہاس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک سمجھدار کھلاڑی قرار دیا اور ان کی بیٹنگ کی تعریف کی
میں صرف فہیم اشرف ہوں، عبدالرزاق یا اظہر محمود نہیں بن سکتا: اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر کی دوٹوک گفتگو
