امریکا قابلِ بھروسہ نہیں، مذاکرات صرف پاکستان میں ہوں گے: ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا اسلام آباد میں اہم خطاب

پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے صرف پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور غیر جانبدار ثالث تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مذاکرات صرف پاکستان میں ہوں گے کیونکہ ایران پاکستان پر مکمل اعتماد کرتا ہے جبکہ امریکہ ایک ناقابلِ بھروسہ ملک ہے۔ سفیر کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں بالادستی کے بجائے اپنی خودمختاری کا تحفظ چاہتا ہے اور ان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے، جس کی تصدیق عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) بھی کر چکی ہے۔ رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ ایران گزشتہ 47 برسوں سے امریکی اور صیہونی دباؤ کا مردانہ وار مقابلہ کر رہا ہے اور تمام تر جانی و مالی نقصانات کے باوجود ایرانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی علاقائی بالادستی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حمایت یافتہ صیہونی قوتوں نے سفارتی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی، مگر ایران اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Exit mobile version