وزیراعظم شہباز شریف اپنے امن مشن کے تیسرے مرحلے میں قطر کے بعد ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ایئرپورٹ پر انطالیہ کے گورنر ہلوسی شاہین، پاکستانی سفیر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کل پانچویں ‘انطالیہ ڈپلومیسی فورم’ کے "لیڈرز پینل” میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ اس دورے کے دوران ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم نے قطر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی جس میں خلیجی خطے کی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا۔ امن مشن کے پہلے مرحلے میں جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انہیں امریکہ-ایران جنگ بندی اور اسلام آباد مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا، جس پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف امن مشن کے تیسرے مرحلے میں ترکیہ پہنچ گئے: انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع
