ترکیے کے اسکول میں طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ: 9 افراد جاں بحق، صوبے بھر کے تعلیمی ادارے بند

ترکیے کے صوبے قہرمان مرعش کے ایک اسکول میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 3 طلبہ اور ایک استاد سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں۔ ترک حکام کے مطابق حملہ آور آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا جس نے دو کلاس رومز میں داخل ہو کر فائرنگ کی، اس ہولناک حملے میں مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس نے خودکشی کی یا وہ پولیس کی جوابی کارروائی کا نشانہ بنا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ ممکنہ طور پر طالب علم کے والد کا تھا جو کہ سابق پولیس افسر ہیں۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 6 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکومت نے سوگ اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پورے صوبے کے تمام اسکول دو دن کے لیے بند کر دیے ہیں جبکہ وزیرِ انصاف نے واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Exit mobile version