پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل سفارتی عمل کی بنیاد ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے پیغام میں ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ اگر فریقین کے درمیان باہمی اعتماد اور ارادہ مضبوط ہو تو یہ عمل پائیدار فریم ورک کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس اہم سفارتی مشن کی کامیابی اور بہترین سہولت کاری پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستانی حکومت، فوج، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا، جن کی بدولت مذاکرات ایک باوقار اور محفوظ ماحول میں مکمل ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مذاکراتی ٹیم نے قومی مفادات اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل خود اعتمادی کے ساتھ بات چیت کی، جبکہ پاکستان نے دونوں فریقین کو مساوی اور پُرامن ماحول فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔





