جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مردان میں ‘دستورِ اسلام کانفرنس’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کے پیچیدہ معاملات کو سلجھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی طاقتیں ہماری سرزمین پر بیٹھ کر عالمی امن کے فیصلے کر رہی ہیں، جو کہ ہماری برسوں کی جدوجہد کا ثمر ہے اور ہم پاکستان کو اسی باوقار مقام پر دیکھنا چاہتے تھے۔ اسرائیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اسے عرب سرزمین پر ایک دہشت گرد اور ناجائز ریاست قرار دیا اور واضح کیا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں بالکل نہیں ہیں، کیونکہ اسرائیل کا ایران تک پہنچنا دراصل پاکستان کے دروازے پر دستک دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مودی اور ‘یہودی گٹھ جوڑ’ کے خلاف امتِ مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ ملکی سیاست پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری سر جھکا سکتے ہیں مگر جے یو آئی کبھی سر نہیں جھکائے گی۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو ‘دھاندلی کی پیداوار’ اور ‘جعلی نوٹ’ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح جعلی نوٹ مارکیٹ میں نہیں چلتا، اسی طرح بے قیمت لوگوں کی مسلط کردہ یہ حکومت بھی نہیں چل سکتی۔
پاکستان نے عالمی مسائل سلجھانے کی صلاحیت ثابت کر دی، جعلی حکومت کو نہیں مانتا: مولانا فضل الرحمان
