یوگنڈا کے آرمی چیف کا ترکیہ سے انوکھا مطالبہ؛ ایک ارب ڈالر اور ‘خوبصورت ترین خاتون’ نہ ملنے پر سفارتی تعلقات ختم کرنے کی دھمکی

افریقی ملک یوگنڈا کے صدر یوویری موسیونی کے بیٹے اور فوج کے سربراہ جنرل مہوزی کائنرو گابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کے لیے ’خوبصورت ترین خاتون‘ فراہم کرنے کا غیر معمولی مطالبہ کر کے عالمی سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ اپنے پیغامات میں یوگنڈا کے فوجی سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکیہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے بھاری منافع کما رہا ہے، جبکہ ان اہم تنصیبات کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی اصل ذمہ داری کئی سالوں سے یوگنڈا کی فوج اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے یہ مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو یوگنڈا 30 دن کے اندر ترکیہ کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا پچھلی دو دہائیوں سے افریقی یونین مشن کے تحت صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند گروپ ’الشباب‘ کے خلاف نبرد آزما ہے اور اس کا موقف ہے کہ ترکیہ کو ان کی قربانیوں کا صلہ مالی اور ذاتی مراعات کی صورت میں دینا چاہیے۔

Exit mobile version