امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو نیا فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ سی این این کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیجنگ ان ہتھیاروں کی کھیپ، جس میں خاص طور پر کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے طیارہ شکن میزائل سسٹمز شامل ہیں، کسی تیسرے ملک کے ذریعے ایران بھیجنے پر کام کر رہا ہے۔ دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے کبھی کسی تنازع کے فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے اور امریکی میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات سراسر غلط ہیں۔ چینی حکام نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ بے بنیاد الزامات اور سنسنی پھیلانے سے گریز کرے اور ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر چین ہمیشہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے۔ بیجنگ کا مزید کہنا ہے کہ متعلقہ فریقین کو کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
چین کا ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کا انکشاف، امریکہ اور چین میں لفظی جنگ
