اپریل 16, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب: ڈیزل کی قیمت میں 135 اور پیٹرول میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے اپنے اہم خطاب کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے، جس کے بعد اب ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے اور پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر ہوگی۔ ان قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے واضح کیا کہ انہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا پورا فائدہ عوام تک پہنچانے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے وہ تمام تجاویز مسترد کر دیں جن میں ریلیف کا کچھ حصہ حکومتی اخراجات میں رکھنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

​علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انکشاف کیا کہ خلیج میں اب جنگ کے بجائے امن کی باتیں ہو رہی ہیں اور جو فریقین کل تک آمنے سامنے تھے وہ اب پاکستان کی میزبانی میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ان مذاکرات کی میزبانی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالمِ اسلام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ آگ کے شعلے بجھانے اور فریقین کو میز پر لانے میں ان کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کسانوں کی لاگت کم کرنا اور مہنگائی کو لگام ڈالنا حکومت کی ترجیح ہے، اسی لیے موٹرسائیکل صارفین، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کریں تاکہ ملک اور خطے میں پائیدار ترقی کا خواب پورا ہو سکے۔