منڈی بہاؤالدین (نمائندہ خصوصی)
پنجاب بھر کی طرح منڈی بہاؤالدین میں بھی محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر کے دفتر کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ احتجاج میں شریک ملازمین نے حکومتِ وقت سے ملازمتوں کے استحکام اور حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے برطرفیوں کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برسوں سے محکمہ میں خدمات سرانجام دینے والے 2,740 کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے بجائے ملازمتوں سے فارغ کیا جا رہا ہے اور انہیں زبردستی حاضری لگانے سے روکا جا رہا ہے، جو کہ سراسر ناانصافی ہے، بالخصوص جب یہ کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ محض 2,740 ملازمین نہیں بلکہ 2,740 خاندانوں کا معاشی مسئلہ ہے۔ ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر برطرفیوں کا فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا اور ملازمین کو مستقل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلا دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہوگی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف اور مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔