کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار)
ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے موضع گلیانہ کا دورہ کیا اور چیئرمین ڈاکٹر محمد عباس چوہدری کے ہمراہ وہاں زیرِ تعمیر نالہ کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تقریباً 5 ہزار فٹ طویل نالہ کی تعمیراتی پیش رفت کا معائنہ کیا اور متعلقہ کنٹریکٹر کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے اس منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ کی تعمیر ڈھائی ماہ کے مختصر عرصے میں مکمل کر لی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے گلیانہ میں بارشوں کے دوران نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم دہراتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس اور ڈی او آئی اینڈ ایس محمد فخر کو ہدایت کی کہ تعمیراتی میٹریل کے نمونے فوری طور پر یو ای ٹی (UET) لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھجوائے جائیں تاکہ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے
