کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار)
ممتاز مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیت مولوی عبد العزیز گجر آف نورجمال جنوبی کے فرزندِ ارجمند اور ایس ایچ او تھانہ لالہ موسیٰ سب انسپکٹر اظہر اقبال گجر کے برادرِ بزرگ، معروف ماہرِ قانون چوہدری حافظ مبشر اللہ گجر ایڈووکیٹ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا لائسنس ملنے پر عوامی و سماجی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ حافظ مبشر اللہ گجر اس سے قبل طویل عرصے تک لاہور ہائی کورٹ میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پنجاب بھر کے مظلوم طبقے کی بھرپور قانونی وکالت کی۔
عوامی حلقوں میں انہیں "سماجی ہیرو” کے طور پر دیکھا جاتا ہے، بالخصوص ڈنگہ پھالیہ روڈ کی تعمیر کے لیے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر کے اس منصوبے پر کام کا آغاز کروانے پر عوام ان کی معترف اور احسان مند ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ مبشر اللہ گجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل اور والدین کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ سپریم کورٹ میں بھی اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے حق و انصاف کا علم بلند کریں گے اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سپریم کورٹ کا لائسنس ملنے پر لاہور ہائی کورٹ، گجرات، منڈی بہاؤ الدین، پھالیہ، ملکوال اور کھاریاں بار ایسوسی ایشنز کے وکلاء سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔



