چوہدری محمد شعبان گجر نے تحصیلدار کھاریاں کا چارج سنبھال لیا؛ عوامی خدمت کو مشن بنانے کا عزم

کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں میں انتظامی تبدیلی کے عمل میں چوہدری محمد شعبان گجر نے باضابطہ طور پر تحصیلدار کھاریاں کا چارج سنبھال کر اپنی ذمہ داریاں شروع کر دی ہیں۔ چارج سنبھالنے کے فوری بعد ان کے دفتر میں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا، جہاں سیاسی، سماجی اور سرکاری حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملک موید الحسن (پٹواری و سیکرٹری اطلاعات یونین پٹواریاں کھاریاں) کی قیادت میں ایک وفد نے ان سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں نئی تعیناتی پر پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

​چوہدری محمد شعبان گجر ایک تجربہ کار افسر ہیں، جو اس سے قبل صبور، کوٹلہ ارب علی خان، جوڑا اور ڈنگہ جیسے اہم علاقوں میں بطور نائب تحصیلدار بہترین خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ بورڈ آف ریونیو لاہور نے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تحصیلدار و سب رجسٹرار کھاریاں کے عہدے پر ترقی دی ہے۔ مبارکباد پیش کرنے والوں میں افتخار احمد شاکر، نصیر احمد، راجہ ساجد وسیم، رقیب اختر، حافظ عدنان شیر، ملک محمد عثمان، ملک عثمان شفیق اور عاصم اقبال بٹر سمیت متعدد معززین شامل تھے، جنہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔

Exit mobile version