فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ پر غور کیا تھا، تاہم اب وہ کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ وہ ٹی 20 کرکٹ کو ایک اچھے انداز میں خیرباد کہنا چاہتے ہیں، اس لیے ابھی کھیل سے دور ہونے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کے لیے مزید کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

35 سالہ فخر زمان پاکستان کے نمایاں ٹی 20 کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے 120 میچز میں 132.51 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2494 رنز بنائے، جن میں 14 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور 11ویں سیزن میں بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

Exit mobile version