وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اہم اجلاس میں توانائی کے مؤثر استعمال کے پیش نظر ملک بھر میں کاروباری اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق صوبہ سندھ کے علاوہ پورے ملک میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مالز بھی اسی وقت تک کھلے رہیں گے، جبکہ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میرج ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے کے بعد بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں نجی گھروں اور پراپرٹیز میں شادی بیاہ کی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کے بعد پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلے 7 اپریل سے نافذ العمل ہوں گے اور پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ان پر عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ سندھ میں ان اوقات کار سے متعلق مشاورت کا عمل ابھی جاری ہے۔
