ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ "آپریشن وعدہ صادق” کی 97ویں لہر کے دوران خلیج فارس اور اس سے ملحقہ علاقوں میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائی ایرانی وزارتِ توانائی کے ملازمین کے نام کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ کویت میں محمد الاحمد بحری اڈے کے قریب ایک مقام پر موجود امریکی کمانڈرز اور افسران کے اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقے میں ایمبولینسوں کی بڑی تعداد میں آمد و رفت دیکھنے میں آئی، جو ممکنہ جانی نقصان کی نشاندہی کرتی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ اسی کارروائی کے تسلسل میں متحدہ عرب امارات کی جبل علی بندرگاہ کے قریب چینل میں موجود "کنگ ڈاؤ اسٹار” نامی ایک اسرائیلی جہاز کو نیول کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
بیان کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے تحت کئی جہازوں کی نقل و حرکت کو محدود کرتے ہوئے انہیں مخصوص اینکریج پوائنٹس کی جانب منتقل کیا۔ مزید کہا گیا کہ اس لہر کے دوران اسرائیلی شہر بئر السبع میں ایک صنعتی علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
