پاکستان میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کا خدشہ، مینوفیکچررز کا ہنگامی پینل تشکیل دینے کا مطالبہ

پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PVMA) نے ملک بھر میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 100 سے 150 روپے فی کلو تک کے بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایڈوائزر پی وی ایم اے کے مطابق، حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے ملوں کی پیداواری لاگت کو براہِ راست متاثر کیا ہے، جس کے باعث گھی ملوں کے لیے پرانی قیمتوں پر کام جاری رکھنا ناممکن ہو چکا ہے۔

​ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ ٹرانسپورٹیشن اور پروڈکشن کے اخراجات میں ہونے والا یہ اضافہ ناقابلِ برداشت ہے اور اس کا بوجھ اب براہِ راست صارفین پر منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایڈوائزر پی وی ایم اے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور ایک خصوصی پینل تشکیل دیا جائے جو قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکال سکے۔ اگر حکومت کی جانب سے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مارکیٹ میں گھی اور تیل کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہو جائیں گی۔

Exit mobile version