تھانہ بولانی پولیس کی کارروائی، 8 ماہ قبل 16 سالہ محمد صالح کے اغواء کا ڈراپ سین

ڈنگہ (عمر شیخ) تھانہ بولانی پولیس نے 16 سالہ محمد صالح کے اغواء کے معاملے میں 8 ماہ کی تفتیش کے بعد خوشخبری سنائی کہ لڑکا بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد پرویز نامی شہری نے اطلاع دی کہ اس کا بیٹا محمد صالح مورخہ 13 ستمبر 2025 کو گھر سے گیا اور واپس نہ آیا۔ تھانہ بولانی پولیس نے مقدمہ نمبر 295/25 بجرم 365 ت پ درج کر کے فوری تفتیش کا آغاز کیا۔

ڈی پی او گجرات نے ڈی ایس پی سرائے عالمگیر ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بولانی SI غلام رسول اور دیگر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی، اور ہدایت کی کہ بچے کو جلد از جلد تلاش کر کے بازیاب کروایا جائے۔

پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ٹریسنگ اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے مسلسل کوششیں جاری رکھیں اور بالآخر 8 ماہ بعد لڑکے کو راولپنڈی سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ محمد صالح کو کسی نے اغواء نہیں کیا، بلکہ وہ اپنی مرضی سے گھر سے گیا تھا اور راولپنڈی میں مختلف 3 سے 4 مقامات پر کام کرتا رہا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکا پڑھائی کے دباؤ اور خوف کے باعث گھر سے چلا گیا تھا۔

پولیس نے لڑکے کو بحفاظت ورثاء کے حوالے کر دیا ہے اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Exit mobile version