چین اور پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور حملے فوری روکنے کا مطالبہ

چین اور پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں شہریوں اور غیر عسکری اہداف پر حملے فوری بند کرنے اور جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان خطے کی صورتحال پر اہم مشاورت ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی، جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی پر زور دیا۔

دونوں ممالک نے فریقین پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد امن مذاکرات شروع کریں اور ایران سمیت خلیجی ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ممکن ہے اور طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کیا جانا چاہیے۔

چین اور پاکستان نے شہریوں، توانائی تنصیبات، ڈی سیلینیشن پلانٹس، بجلی کے نظام اور پرامن جوہری انفراسٹرکچر کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں اور عملے کے تحفظ اور محفوظ گزرگاہ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ راستہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم ہے، اس لیے تجارتی اور شہری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جائے۔

مزید برآں، دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے دیرپا امن کے لیے جامع فریم ورک اور کثیرالجہتی نظام کی حمایت کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version