ڈنگہ: اے ڈی ایل جی افتخار احمد طاہر وڑائچ نے طلاق اور خلع کے نوٹسز کی سماعت کی

ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ تحصیل کھاریاں افتخار احمد طاہر وڑائچ نے ریکارڈ برانچ ڈنگہ میں طلاق کے درجنوں نوٹسز کی سماعت کی۔ ممبر مصالحتی کونسل میونسپل کمیٹی ڈنگہ چوہدری اختر نواز‘ انچارج ریکارڈ برانچ بلدیہ ڈنگہ چوہدری عثمان سجاد‘ سیکرٹری یونین کونسل کولیاں شاہ حسین گلشاد احمد‘ سیکرٹری یو سی فتہ بھنڈ امجد علی ڈار‘ سیکرٹری یو سی امرہ کلاں افتخار احمد مغل نے ریکارڈ پیش کئے۔ چوہدری افتخار احمد طاہر وڑائچ نے طلاق اور خلع کے نوٹسز پر مرد اور خواتین سے تفصیلی سماعت کی۔ بلدیہ میں 35 سے زائد جوڑے اور ان کے ورثاء موجود تھے۔ انہوں نے شادی شدہ جوڑوں میں مصالحت کروانے بارے تفصیلی کاوش کی تا ہم آخری نوٹس پر آنے والے جن جوڑوں نے مصالحت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ان کو طلاق موثر کے سرٹیفیکیٹ جاری کر دیئے جبکہ دیگر کو اگلے 30 روز کی تاریخ دے دی۔ اے ڈی ایل جی تحصیل کھاریاں افتخار احمد طاہر نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ گھروں کو ٹوٹنے سے بچایا جائے۔ اس ضمن میں مصالحتی کونسل کے ممبران بھی ہمارے ساتھ موجود رہ کر کوشش کرتے ہیں لیکن جو جوڑے کسی صورت پھر سے بسنے پر تیار نہیں ہوتے ان کو پہلے نوٹس سے 90 روز کے بعد 3 سماعتوں کے خاتمے پر طلاق کا نوٹس جاری کر دیا جاتا ہے۔ طلاقوں کی سماعت کے بعد انہوں نے ریکارڈ روم میں اندراج پیدائش‘ اموات کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور چوہدری عثمان سجاد سے سوالات بھی کئے۔

Exit mobile version