پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان کو گیند کی حالت میں چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں لیول تھری جرم پر چارج کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر اعلامیہ جاری کیا۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان نے پی ایس ایل کی پلئینگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی کی، جو گیند کی حالت خراب کرنے سے متعلق ہے۔ میچ ریفری روشن ماہنامہ نے ڈسپلنری سماعت کی، جس میں فخر زمان نے اپنے اوپر لگے چارج سے انکار کیا۔ مزید سماعت اگلے 48 گھنٹوں میں ہوگی، جس کے بعد میچ ریفری فیصلہ سنائیں گے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی اننگز میں گیند کی حالت میں تبدیلی کے باعث لاہور قلندرز کو پانچ رنز کی پنالٹی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 128 رنز بنائے، جبکہ کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
