پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے چوتھے دن کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کھیل کے ساتھ حیدرآباد کنگزمین کو 40 رنز سے شکست دی۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اننگز کا آغاز سعود شکیل اور شامل حسین نے کیا، لیکن سعود شکیل صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رائلی روسو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد شامل حسین اور حسن نواز نے تیسری وکٹ کے لیے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ شامل حسین نے اپنی دوسری ففٹی مکمل کرتے ہوئے 54 رنز بنائے جبکہ حسن نواز نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 174 رنز تک پہنچایا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 174 رنز بنائے۔
175 رنز کے ہدف کے جواب میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم 8 وکٹ پر صرف 134 رنز ہی بنا سکی۔ عرفان خان نے 33 اور حسان خان نے 31 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا لیکن کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ کوئٹہ کی جانب سے ابرار احمد نے 3 اور احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھیں۔ پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز جبکہ حیدرآباد کنگزمین کو لاہور قلندرز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
