آسٹریلیا میں طاقتور سائیکلون "ناریلے” کے باعث فضا میں غیر معمولی تبدیلی دیکھنے میں آئی جہاں آسمان خون کی مانند سرخ رنگ اختیار کر گیا۔ جمعہ کے روز شارک بے سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ تیز ہواؤں کے بعد چند ہی لمحوں میں دن کی روشنی مدھم پڑ گئی اور گرد کے طوفان نے ہر طرف اندھیرا سا کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث آئرن سے بھرپور مٹی فضا میں بلند ہوئی جس نے آسمان کو گہرے سرخ اور نارنجی رنگ میں تبدیل کر دیا جبکہ حدِ نگاہ تقریباً صفر ہو گئی۔ کئی علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین نے اس منظر کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے اچانک دنیا کا رنگ بدل گیا ہو۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کی صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب تیز ہوائیں زمین کی سطح سے آئرن آکسائیڈ سے بھرپور گرد کو اٹھا کر فضا میں پھیلا دیتی ہیں، جس سے روشنی کا انعکاس بدل جاتا ہے اور آسمان سرخ دکھائی دیتا ہے۔





