جون 1, 2026

جہلم تا لِلہ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ التوا کا شکار، مطلوبہ فنڈز جار ی نہ ہونے کے باعث مسافروں اور اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم تا لِلہ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ التوا کا شکار، مطلوبہ فنڈز جار ی نہ ہونے کے باعث مسافروں اور اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا۔حکومت کی بے حسی کے باعث128 کلومیٹر طویل زیر تعمیر جہلم لِلہ دو رویہ سڑک کا کام رواں سال مکمل ہونا تھا، منصوبہ التوا ہونے سے پنڈدادنخان جہلم کی تقریباً لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی سفری مشکلات کا شکار ہو چکی ہے۔سڑک تعمیر کرنے والے ادارے نے سڑک اکھاڑ کر گڑھوں میں تبدیل کررکھی ہے، حکومت کی طرف سے فنڈز نہ ملنے کیوجہ سے سڑک کا کام بند ہو چکا ہے جس کے باعث مریض، مسافر، تاجر، سیاح، طلباء، ملازمین اور وکلاء روزانہ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں جبکہ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کو ابتک کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ذرائع کے مطابق منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے کم از کم 20 ارب روپے لازمی مختص کیے جانے چاہئیے روز بروز کی بڑھتی لاگت کے باعث موجودہ مالی سال 24-2023ء میں بھی کم از کم10 ارب روپے سے زائدجاری ہونے چاہیے تھے۔روڈ کی خستہ حالی کے باعث بین الاقوامی شہرت کے حامل سیاحتی مقامات کھیوڑہ سالٹ مائینز اور قلعہ نندنا تقریباً ویران ہو چکے ہیں جبکہ علاقہ کے مریض، طلباء، وکلاء اور سرکاری ملازمین روزانہ کی سفری مشکلات کا شکار ہیں، اکھاڑی گئی سڑک پر بارشوں کے موسم میں بننے والی دلدل سے ٹرانسپورٹرز اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، بارش کے دنوں میں کئی کئی گھنٹے تک ٹریفک بند ہوجاتی ہے جس کی بنیادی وجہ تحصیل پنڈدادنخان میں نصب درجن کے قریب سیمنٹ فیکٹریاں، سالٹ مائن، سوڈا ایش فیکٹری، جپسم، ڈولومائٹ، ریت، بجری، پتھر سمیت دیگر معدنیات دوسرے اضلاع میں بذریہ ٹرک و ٹرالر سے منتقل کئے جاتے ہیں۔ بھاری گاڑیاں گڑھوں میں گرنے کیوجہ سے چھوٹی گاڑیوں کے گزرنے کا راستہ بند ہوجاتا ہے جبکہ سڑک تعمیر کرنے والے محکمہ کے ملازمین فنڈز کی عدم دستیابی کیوجہ سے یہاں سے کہیں اور منتقل ہو چکے ہیں، جس کیوجہ سے مکینوں، ٹرانسپورٹرز کو سخت دشواری کا سامنا کرناپڑرہاہے، تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کی عوام نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم پنڈدادنخان لِلہ ڈیول کیرج وے کے فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔