سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور حالیہ علاقائی صورتحال میں سعودی عرب کے ذمہ دارانہ کردار اور تحمل کو سراہا۔ انہوں نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جن میں امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بھی ملاقات کی، جہاں علاقائی تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔





