لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 11 کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے راولپنڈیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔
اننگز کا آغاز محمد رضوان اور یاسر خان نے کیا اور دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ یاسر خان 83 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان نے 41 رنز بنائے۔
دیگر بیٹرز میں کامران غلام نے 37، ڈیرل مچل نے 23 اور سیم بلنگز نے 18 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
215 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے محمد حارث نے 47، بابر اعظم نے 39، مائیکل بریسویل نے 35 جبکہ عبدالصمد نے صرف 11 گیندوں پر 33 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی
پشاور زلمی نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
