نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ، میڈیا پالیسی اور دیگر ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ بورڈ کے مطابق یہ نوٹس ڈسپلنری فریم ورک کے تحت جاری کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کو مقررہ وقت کے اندر اپنا مؤقف جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد جواب کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر الزامات ثابت ہو گئے تو نسیم شاہ کا سینٹرل کنٹریکٹ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ وہ اس وقت پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نسیم شاہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سامنے آئی تھی جس میں قذافی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم بعد میں یہ پوسٹ حذف کر دی گئی۔ نسیم شاہ کا مؤقف ہے کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے بعد میں بحال کر لیا گیا۔

Exit mobile version