پاکستان سُپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ انگلش آل راؤنڈر معین علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جبکہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 35 اور مرزا سعد بیگ نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے احمد دانیال نے تین اور الزاری جوزف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز سعود شکیل اور شامل حسین نے 79 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ شامل حسین نے 24 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل نے 33 رنز بنائے۔ تاہم بعد کے بیٹرز کراچی کے بولرز، خاص طور پر حسن علی، کا سامنا نہ کر سکے۔
کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز تک محدود رہی اور یوں کراچی کنگز نے میچ 14 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ کراچی کے حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رائلی روسو اور بین میکڈرموٹ نے 25، 25 رنز اسکور کیے۔
پی ایس ایل 11: کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 14 رنز سے شاندار فتح
