پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 1450 ارب روپے تجویز، نئے منصوبوں کا بڑا اعلان، ابتدائی خاکہ تیار

لاہور: پنجاب کے نئے مالی سال 2026-27 کے لیے ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق مجموعی حجم 1450 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔ ذرائع پنجاب اسمبلی کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں مجموعی طور پر 1824 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں جن کی کل لاگت 2347 ارب روپے رکھی گئی ہے۔ ترجیحی منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال میں 580 سے 780 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خصوصی منصوبوں کے لیے تقریباً 200 ارب روپے کی بلاک ایلوکیشن کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ سرفہرست ہے، جس کے لیے 303 ارب روپے کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں صاف پانی، مثالی گاؤں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی بجٹ کا حصہ بنانے کی تجویز ہے۔ مثالی گاؤں منصوبے کے لیے 30 ارب روپے، سڑکوں کی بحالی کے پروگرام کے لیے 42 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح صاف پانی کے منصوبوں کے لیے 25 ارب روپے، کنٹونمنٹ بورڈز کے لیے 7 ارب روپے جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 200 سے 250 ارب روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

Exit mobile version