ریاض میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب، سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی، قومی عزم کی تجدید

سعودی عرب (ادریس احمد سے) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یومِ پاکستان کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سفارتی عملہ، مسلح افواج کے افسران، خواتین، مردوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب کے دوران سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا، اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے اتحاد و یکجہتی کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس تاریخی عہد کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانانِ برصغیر نے قراردادِ پاکستان پیش کر کے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا،انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنی ذمہ داریوں کو اجتماعی طور پر نبھائیں، باہمی اتحاد کو فروغ دیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں، سفیرِ پاکستان نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون کو نہایت اہم قرار دیا اور اسے دونوں ممالک کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا،تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جنہیں بالترتیب سفارتی افسران کرن اکبر، مواحد کیانی اور صاعد عزیز نے پیش کیا

Exit mobile version