بینائی تسلی بخش قرار، عمران خان کو تیسرا آنکھوں کا انجیکشن لگا دیا گیا

پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو ان کی رضامندی سے پمز منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھ کا تیسرا پروسیجر مکمل کیا گیا اور انہیں اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا گیا۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انجیکشن مکمل احتیاطی تدابیر اور طے شدہ پروٹوکول کے تحت آپریشن تھیٹر میں لگایا گیا۔ معائنے کے بعد میڈیکل بورڈ نے ان کی بینائی کو اطمینان بخش قرار دیا جبکہ پروسیجر کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 24 فروری کو عمران خان کو اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آنکھوں کے معائنے کے بعد انہیں انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی تھی۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے مطابق انجیکشن دینے سے قبل کارڈیالوجسٹ کنسلٹنٹ کی جانب سے ایکوکارڈیوگرافی اور ای سی جی ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتائج نارمل آئے۔ مزید بتایا گیا کہ دورانِ علاج اور بعد ازاں عمران خان کے تمام وائٹل سائنز مستحکم رہے اور کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر فٹ قرار دیا۔

Exit mobile version