پاکستان کا افغان طالبان کے الزامات مسترد، خلاف ورزی کے دعوے مضحکہ خیز قرار

پاکستان نے افغان طالبان کے ترجمان کی جانب سے آپریشن "غضب للحق” کی عارضی معطلی کی خلاف ورزی کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جانب سے کسی بھی قسم کی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور افغان حکومت کے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ اس قسم کا پروپیگنڈا دہشت گردی کی کارروائیوں کا جواز پیدا کرنے کی کوشش ہو سکتا ہے، جبکہ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ مہم طالبان حکومت کے اندرونی عناصر کی جانب سے چلائی جا رہی ہو۔
حکام کے مطابق پاکستان پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی جارحیت یا سرحد پار حملے کیے گئے تو عارضی وقفہ ختم سمجھا جائے گا اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ عیدالفطر کے احترام اور برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، ترکیے اور قطر کی درخواست پر آپریشن کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جو 24 مارچ کی درمیانی شب تک مؤثر رہنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Exit mobile version