اپریل 17, 2026

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، عون چوہدری، چوہدری عابد رضا کوٹلہ اور دیگر رہنماؤں کا قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ کا دورہ، اوورسیز سہولیات کا جائزہ

سعودی عرب (ادریس احمد سے)پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں ایک اہم اور سفارتی نوعیت کا دورہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ڈاکٹر طارق فضل چوہدری (وفاقی وزیر)، عون چوہدری (وزیرِ مملکت برائے اوورسیز پاکستانی)، چوہدری عابد رضا کوٹلہ (سابق رکن قومی اسمبلی)، ملک منظور حسین اعوان (جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب)، چوہدری محمد امجد گجر (مرکزی راہنما اوورسیز کمیونٹی سعودی عرب) اور ملک رفیق سمیت وفد نے جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کا باضابطہ دورہ کیا،وفد کی آمد پر قونصلر جنرل جدہ سید مصطفیٰ ربانی، ویلفیئر اتاشی عاقب خان، چوہدری عرفان اور دیگر حکام نے پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر باہمی خیرسگالی اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان مضبوط سفارتی و عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا،دورے کے دوران وفد کو قونصلیٹ کی نئی عمارت کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا گیا، جہاں انہیں اوورسیز پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، جدید سروسز، پاسپورٹ، ویزہ، نادرا اور ویلفیئر سروسز کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے قونصلیٹ کی جانب سے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا،وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیرِ مملکت عون چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ قونصلر جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے یقین دلایا کہ قونصلیٹ جدید تقاضوں کے مطابق خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے،یہ دورہ نہ صرف سفارتی سرگرمیوں کا اہم حصہ تھا بلکہ اس سے اوورسیز پاکستانیوں اور حکومتی نمائندوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔