اپریل 17, 2026

بھارتی پروازوں پر پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع

پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے، اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے نیا نوٹم جاری کر دیا ہے۔ بدھ کے روز جاری ہونے والے بارہویں نوٹم کے مطابق بھارتی ائیرلائنز، انڈین آپریٹرز کے زیر استعمال طیارے، بھارت میں رجسٹرڈ اور بھارتی فوجی طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔

نوٹم کے مطابق یہ پابندی اب 24 اپریل 2026 کی صبح 5 بجے تک نافذ رہے گی۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے 23 اپریل 2025 سے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے اور نئی توسیع کے ساتھ اس بندش کو تقریباً ایک سال مکمل ہو جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے بھارت کی روزانہ 200 سے زائد کمرشل پروازیں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ طویل روٹس اختیار کرنے، اضافی اسٹاپس بنانے اور مسافروں کے دیگر ایئرلائنز پر منتقل ہونے کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ماہرین کے مطابق فضائی حدود کی بندش نے خطے کی فضائی ٹریفک پر بھی نمایاں اثر ڈالا ہے۔