ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے مسلم ممالک کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے، جسے انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا۔ خط میں علی لاریجانی نے اسلامی دنیا کے لیے چھ نکات پر مشتمل اہم پیغام دیا اور ایران کے موقف کو واضح کیا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایران کو امریکی اور صیہونی حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جس میں سپریم کمانڈر، کئی عام شہری اور فوجی کمانڈر شہید ہوئے۔ اس دوران چند اسلامی ممالک کے علاوہ کسی نے بھی ایرانی عوام کے ساتھ حمایت نہیں کی، لیکن ایرانی عوام نے دشمن کے مقابلے میں مضبوط ارادے کا مظاہرہ کیا اور آج دشمن اس اسٹریٹیجک بحران سے نکلنے کے قابل نہیں۔
انہوں نے اسلامی حکومتوں کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک نے ایران کو اپنا دشمن قرار دیا کیونکہ اس نے ان کی سرزمین پر موجود امریکی اڈوں اور امریکا و اسرائیل کے مفادات کو نشانہ بنایا۔ علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کے لیے یہ ناانصافی ہے کہ وہ دفاع کے لیے اقدامات کرے اور بعض ممالک اسے قصداً دشمن سمجھیں۔
انہوں نے مسلم دنیا سے کہا کہ امریکا وفادار نہیں اور اسرائیل دشمن ہے، اور امت مسلمہ اگر متحد ہو جائے تو یہ خطے کے تمام ممالک کے لیے سلامتی، ترقی اور آزادی ممکن بنا سکتی ہے۔ علی لاریجانی نے زور دیا کہ اسلامی ممالک کو ایران کے موقف پر غور کرنا چاہیے اور اپنے فیصلے خطے کے مستقبل کو مدنظر رکھ کر کرنے چاہئیں۔
