کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) ضلع گجرات اور تحصیل کھاریاں میں حالیہ کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی بازگشت نے عوامی حلقوں میں کئی سوالات جنم دے دیے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں کی جانب سے پٹواریوں کے خلاف متحرک اقدامات کو سراہا جا رہا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف چھوٹے اور کمزور پٹواریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ وہ بڑے پٹواری جو لاکھوں روپے کی رشوت لے کر عوام کا خون چوس رہے ہیں، آزاد گھوم رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تحصیل کے پٹواری اکثر اپنے لیے نجی منشیوں کی فوج پال لیتے ہیں تاکہ کرپشن کی تمام کارروائیاں منشیوں کے ذریعے مکمل ہوں اور وہ قانون کی گرفت سے بچ سکیں۔ شہری مطالبہ کرتے ہیں کہ کارروائی بلا تفریق ہو اور صرف چھوٹے پٹواریوں کو قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے بلکہ وہ پٹواری بھی شامل ہوں جن کے اثاثے ان کی تنخواہوں سے ہزار گنا زیادہ ہیں۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پٹوار خانوں میں کرپشن کی جڑیں ختم کرنے کے لیے مہم کو مکمل اور بلا تفریق بنایا جائے، تاکہ کھاریاں کی عوام کی زندگی آسان ہو اور کرپشن کے بڑے نیٹ ورک کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔
