کھاریاں (انصر فاروق مغل) گجرات پولیس تھانہ صدر لالہ موسیٰ اور تھانہ ککرالی کا پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، 260 پتنگیں،45 عدد دھاتی ڈوریں اور 24ہزار 500روپے وٹک برآمد ، تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔
تھانہ صدر لالہ موسیٰ پولیس کو انٹیلیجنس بیسز انفارمیشن موصول ہوئی کہ ایک شخص جی ٹی روڈ اصغر ہوٹل کے قریب کھڑا ہوکر بھاری مقدار میں گاہکوں کو پتنگیں دھاتی ڈوریں فروخت کررہا ہے۔جس پر ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل چوہدری احسان ظفر سندھو کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دے کر ایس ایچ او تھانہ صدر لالہ موسیٰ انسپکٹر

فہدالرحمن پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر ملزم کو گرفتارکرلیا۔جسکے قبضے سے بھاری مقدار میں پتنگیں 200 عدد اور دھاتی ڈوریں 45 عدد اور فروخت کی گئی پتنگوں کی وٹک 24ہزار 500روپے روپے برآمد کرلی گئی۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد کامران ولد میر افضل ساکن علی چک کے نام سے ہوئی۔
جبکہ ایس ایچ او تھانہ ککرالی نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص رضا ولد محمد حسین سکنہ بھدر سے 60عدد پتنگیں برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیا۔
ڈی پی او گجرات نے عوام خصوصاً والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو پتنگ بازی جیسے جان لیوا کھیل سے دور رکھیں۔ گرفتاری کے بعد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔