وزیراعظم شہباز شریف کی خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی فراہمی بڑھانے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور ان کے غذائی تحفظ کا خیال رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس حوالے سے لاہور میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور وافر اشیائے خورونوش کی برآمدات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیراعظم کو ملک میں موجود اشیائے خورونوش کے ذخائر اور پیداوار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے پاس زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری مصنوعات اور سی فوڈ کی برآمدات کے لیے وسیع صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائے خورونوش کی طلب اور رسد کی مکمل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے غذائی تحفظ کا بھی خیال رکھا جائے۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں وافر اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور برادر خلیجی ممالک کو برآمد کی جانے والی مصنوعات میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کو بھی ہدایت دی کہ خلیجی ممالک تک اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور ٹریڈ افسران کو بھی متحرک رہنے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

Exit mobile version