میرپور میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں بنگلادیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
میزبان ٹیم بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے، جبکہ توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو مضبوط بنایا۔
پاکستان کی طرف سے بولنگ میں حارث رؤف نمایاں رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث ٹیم دباؤ کا شکار رہی۔ تاہم سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔ انہوں نے 106 رنز کی اننگز میں 9 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
ان کے علاوہ سعد مسعود نے 38، شاہین شاہ آفریدی نے 37 اور عبدالصمد نے 34 رنز بنائے، لیکن پاکستانی ٹیم آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں 11 رنز سے میچ اور سیریز دونوں ہاتھ سے گنوا بیٹھی۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مستفیض الرحمان نے 3 اور ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں یہ کامیابی 11 برس بعد حاصل کی ہے۔
تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ پہلے میچ میں بنگلادیش نے کامیابی حاصل کی تھی۔
